مہمندایجنسی(عزیرخان مہمند سے) عوامی تنازعات حل کرنے کیلئے اپر مہمند کے تمام اقوام سے مشاورتی عمل جاری ہے ، دیوانی مقدمات کو تین ماہ کے اندر اندر حل کیاجائے گا، سابقہ ادوار کے زیرالتواء مقدمات کے کیسز کو ایک ماہ کے اندر حل کرنے کیلئے جرگہ ممبران کو نوٹس دیدیا ہے ، علاقے میں بجلی کی تمام لائنوں پر یکساں بنیادوں پر لوڈشیڈنگ کی جائے گی، عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا تہیہ کررکھا ہے ان خیالات کا اظہار حال ہی میں تعینات ہونے والے اپر مہمند سب ڈویژن کے اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ طارق اللہ خان نے اپنے دفتر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ چارج سنبھالنے کے بعد اپر مہمند سب ڈویژن کے تمام اقوام کی مشران سے ابتدائی طورپر مشاورتی عمل جاری ہے اور اس کے بعد ایجنسی کی عوام کو درپیش سرفہرست مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے مابین دیوانی مقدمات پرمشتمل تنازعات کو تین مہینوں کے اند راندر حل کیاجائیگا اور اس ضمن میں انصاف سے ہٹ کر کسی کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں ہوگی تاکہ عوامی تنازعات کو میرٹ کی بنیادوں پر مستقل طورپر حل کیاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ ادوار کے زیرالتواء کیسز کو بھی ایک مہینے کے اندر حل کرنے کیلئے جرگہ ممبران کو نوٹس دیدیا ہے ان مقدمات میں جائیداد اور ماربل پہاڑیوں کے تنازعات شامل ہیں اور یہاں کے عوام کی اس قسم کے مسائل زیادہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایجنسی کے تمام علاقوں کی بجلی لائنوں پر یکساں بنیادوں پر لوڈشیڈنگ ہوگی اور تمام علاقوں کو منصفانہ طورپر بجلی کی فراہمی یقینی بنائے جائے گی۔
Share To:

Anonymous

Post A Comment:

0 comments so far,add yours